سرینگر/صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے جمعرات کو وادی میں حالیہ شدید بارشوں کے پیش نظر امکانی سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔انہوںنے وادی کے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو دریائے جہلم اوردیگر ندیوں کے کناروں کی باقاعدگی کے ساتھ گشت کویقینی بنانے کی ہدایت دی۔انہوںنے امکانی سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لئے ضرورت پڑنے پر مرمت کا کام شروع کرنے کی بھی ہدایت دی۔
امکانی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے صوبائی کمشنر نے تمام تحصیلوں میںعلامتی مشقوں کا انعقاد کرنے پر بھی زودیا ۔صوبائی کمشنر نے یہ ہدایات آج ایک میٹنگ کے دوران دیں جس میں موسلادھار بارشوں سے پیداشدہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کاجائزہ لیا گیا۔
اس دوران تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیوکانفرنسنگ کے ذریعے اپنے متعلقہ اضلاع میں کی جارہی تیاریوں کے بارے میںجانکاری دی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کے دفاتر میں دن رات کام کرنے والے جوائنٹ کنٹرول رومز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو کہ سیلاب جیسی صورتحال کے بارے میں جانکاری دے سکتے ہیں۔
صوبائی کمشنر نے محکمہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ کو ہر ی نواس میںڈویژنل فلڈ جوائنٹ کنٹرول روم کا فوری طور قیام عمل میں لانے کی ہدایت دی جو کہ ضلع سطح پر قائم کئے گئے کنٹرول رومز کی روزانہ بنیادوں پر نگرانی کریں گے۔