سرینگر/شمالی کشمیر میں بانڈی پورہ کے25سالہ لاپتہ نوجوان کے گھروالوں نے جمعہ کو اُس کی واپسی کی اپیل کی۔
عمر وانی ولد محمد سبحان وانی ساکنہ کھارہ پورہ، بانڈی پورہ2جون سے لاپتہ ہے۔
عمر کے گھریلو ذرائع کے مطابق وہ لاپتہ ہونے سے قبل ایک مسافر آٹو رکشا چلا کر اپنے والدین اور بیمار بھائی کی کفالت کرتا تھا۔
عمر کے والد، محمد سبحان کے مطابق وہ2جون ، شب قدر کے اگلے روز اہم شریف میں کچھ مسافروں کو لینے گیا لیکن واپس نہیں لوٹا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ دن انتظار کے بعد جب عمر کہیں نہیں ملا اور اُن کا فون مسلسل بند آیاتو انہوں نے پولیس کے پاس اُس کے لاپتہ ہونے کی شکایت درج کرائی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمر اُن کا واحد مادی سہارا ہے کیونکہ اُن کا بڑا بیٹا پہلے سے ہی علیل ہے اور مسلسل ادویات پر منحصر ہے، جبکہ عمر کی ماں بھی بیمار ہے اور خود اُن کی میڈیکل انسٹی چیوٹ ،صورہ میں سرجری ہونے والی ہے۔
محمد سبحان نے اپنے بیٹے، عمر سے اپیل کی کہ وہ واپس لوٹے کیونکہ اُس کے بغیر اُن کی پوری دنیا اُجڑ گئی ہے۔
پولیس نے عمر کے بارے میں لاپتہ ہونے کی شکایت درج ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ اُسے ڈھونڈ نکالنے کیلئے سرگرم ہیں۔