سرینگر/انسداد رشوت بیورو نے سرینگر میونسپل کارپوریشن کے نائب میئر ، جموں کشمیر بینک کے بعض حکام اور کئی سرکاری افسران کیخلاف مبینہ خرد برد کے معاملات کے تحت کیس درج کرلیا ہے۔
انسداد رشوت بیورو کے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس سلسلے میں اننت ناگ بیورو میں کہوہ سکیور پرائیویٹ لمیٹڈ، بہوری کدل سرینگر کے ڈائریکٹر شیخ عمران، جموں کشمیر بینک کے حکام اور کچھ سرکاری افسران کے نام سبسیڈی کا خرد برد کرنے کی پاداش میں کیس درج کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق یہ خرد برد لاسی پورہ پلوامہ میں قائم ہونے والے سٹوریج پروجیکٹ اور دیگر چھ تجارتی یونٹوں کے نام پر حاصل قرضوں میں کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ شیخ عمران متعدد تجارتی یونٹوں کا مالک ہے اور اس نے اب تک مذکورہ یونٹوں کے نام پر جموں کشمیر بینک سے138کروڑ روپے کا بھاری قرضہ حاصل کر رکھا ہے۔بیان میں عمران کے''مجرمانہ منصوبوں'' کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق انسداد رشوت ستانی بیورو نے تحقیقات کا عمل فوری طور شروع کیا ہے۔