سری نگر// حکومت نے سوشل فارسٹری محکمہ کے فروغ سے متعلق پروگراموں ، سرگرمیوں اور سکیموں کو پنچائتی راج ایکٹ1989 کے تحت پنچائتی راج اداروں کو تفویض کیا ہے۔محکمہ جنگلات و ماحولیات کی طرف سے جاری ایک حکم نامے کے مطابق سرکا ر نے محکمہ کے شیڈول I-A کے تحت یہ اختیارات پنچائتی راج اداروں کو تفویض کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکم نامے کے مطابق پنچائتیں خالی اراضی پر شجرکاری ، سوشل فارسٹری اور فارم فارسٹری کے فروغ کے لئے سوشل فارسٹری سے متعلق دیگر سرگرمیوں کو انجام دیں گی جبکہ بالن، میوہ جات ، فارم فارسٹری، نرسریوں کے قیام اور منیجمنٹ، سوشل فارسٹری اور فارم فارسٹری پروجیکٹوں کی عمل آوری سڑکوں اور عوامی مقامات پر درختوں کے تحفظ اورکیمپا کے تحت کاموں کو پنچائتوں کے ذریعے انجام دیا جائے گا۔علاوہ ازیں فائیر پروٹیکشن کمیٹیاں جو محکمہ جنگلات کو آگ بجھانے میں تعاون کرتی ہیں، وہ بھی پنچائتوں کے تحت کام کاج کریں گی۔حکم نامے کے مطابق شجرکاری سے متعلق مختلف جگہوں کی نشاندہی و تجاویز متعلقہ حلقہ پنچائتوں کی مشاورت سے انجام دی جائے گی۔شجرکاری سے متعلق مختلف سکیموں کے منصوبے متعلقہ ڈویثرنل فارسٹ افسروں اور متعلقہ ولیج کمیٹیوں اورحلقہ پنچائتوں کی مشاورت سے تشکیل دیئے جائیں گے۔تار بندی کے لئے تار وضع ضوابط کے تحت پنچائتوں کے ذریعے اُس صورت میں خریدی جائے گی جہاں ای ٹینڈرنگ کی ضرورت نہ ہو۔حکم نامے کے مطابق شجرکاری کے لئے پودے محکمہ کی طرف سے فراہم کئے جائیں گے البتہ پودے لگانے کے لئے کھدائی کا عمل موجودہ مستقل اور غیر مستقل عملے کے ذریعے انجام دیا جائے گا جو متعلقہ پنچائتیں متعلقہ بلاک افسر/ رینج افسر اور ڈی ایف او و ریجنل ڈائریکٹر کی نگرانی میں فراہم کیا جائے گا۔سیزنل لیبر کی خدمات متعلقہ حلقہ پنچائتوں کے ذریعے شجرکاری کے کاموں کے لئے ضرورت کے مطابق حاصل کی جائیں گی جبکہ پودوں کی دیکھ ریکھ محکمہ کے موجودہ عملے کی طرف سے ولیج فارسٹ کمیٹیوں اور متعلقہ حلقہ پنچائت کے ذریعے انجام دیا جائے گا۔وضع ضوابط اور قوانین کے تحت کاموں کی مونیٹرنگ اور آڈٹ کیا جائے گا۔البتہ پنچائتوں کو کاموں کے معائنے کے عمل میں شامل کیا جائے گا۔حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ پودوں کی دیکھ ریکھ متعلقہ محکمہ اور متعلقہ ولیج فارسٹ کمیٹی اور پنچائت کی مشترکہ ذمہ داری ہوگی۔متعلقہ پنچائتیں عوام کو شجرکاری اور خالی اراضی کی حد بندی سمیت دیگر کاموں کی طرف راغب کریں گی جبکہ شجرکاری کی اہمیت سے متعلق عوام کو جانکاری فراہم کرنے کے علاوہ لگاتار بنیادوں پر پنچائتیں متعلقہ ڈی ایف او کو پیش رفت رپورٹ فراہم کریں گی۔متذکرہ بالا کاموں کے لئے ضروری کے مطابق رقومات کو محکمہ کی طرف سے مخصوص سکیموں کے تحت پنچائتوں کو فراہم کیا جائے گا۔