سرینگر/ ایک میڈیا رپورٹ میں جمعرات کو اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے کہ جنگجوئوں نے اننت ناگ میں 12جون کو فورسز پر اپنے حملے میں چین میں تیار کئے گئے اسٹیل کارتوس استعمال میں لائے تھے۔
جنگجوئوں کے اس حملے میں پانچ سی آر پی ایف اہلکار اور پولیس کا ایک آفیسر ہلاک ہوئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جنگجوئوں نے اس حملے میں چین میں تیار کئے گئے کارتوس استعمال کئے تاکہ فورسز کو زیادہ سے زیادہ نقصان سے دوچار کیا جائے۔
ذی نیوز کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے چینی ساخت کے اسٹیل کارتوس استعمال کرنے کا مقصد فورسز کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچانا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اسٹیل کے بنے کارتوس فورسز کے بلٹ پروف جاکٹوں کو چیرتے ہوئے نکل گئے جس سے فورسز اہلکاروں کو کافی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ جنگجوئوں نے کے پی روڑ اننت ناگ پر فورسز کی ایک پارٹی کو حملے کا نشانہ بناکر پانچ اہلکاروں اور پولیس آفیسر، راشید خان کو ہلاک کیا۔اس واقعہ میں ایک جنگجو بھی ہلاک ہوا تھا۔