شملہ// ہماچل پردیش کے ضلع کُلُّو کے بنجار سب ڈیویژن ہیڈکوارٹر کے قریب بَیوٹ موڑ پر آج شام ایک پرائیویٹ بس کے گہری کھائی میں گرنے کی وجہ سے اس میں سوار کم از کم 20 افراد کی موت ہوگئی جبکہ دیگر 25 شدید زخمی ہوئے ہیں۔ حادثہ تقریباً پانچ بجے ہوا۔ بس بنجارسے گاڑاگوشینی۔کھولی جارہی تھی اور محض دو کلومیٹر دور پہنچتے ہی بے قابو ہوکر تقریباً 500 فٹ گہری کھائی میں گر گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی بنجار کے ایس ڈی ایم ایم آر بھاردواج اور دیگر افسران، راحت اور بچاؤ ٹیم سمیت جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو فوراً سرکاری اسپتال بنجار پہنچایا گیا۔ شدید طور پر زخمی افراد کو کُلُّو روانہ کیا گیا۔ راحت اور بچاؤ کی دو ٹیمیں موقع پر ہیں اور مقامی افراد بھی ریسکیو کے عمل میں تعاون کررہے ہیں۔ مسٹر بھاردواج کے مطابق ابھی بچاؤ کام جاری ہے اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ بھی سکتی ہے ۔ انہوں نے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ اور زخمیوں کو فوراً مالی مدد دینے کا اعلان کیا ہے ۔ یو این آئی