مینڈھر //مینڈھر پولیس کی جانب سے حالیہ دنوں میں سنگالہ چوک میں ایک کارروائی کے دوران گرفتار کئے گئے مبینہ منشیات اسمگلر کے افراد خانہ نے مینڈھر میں احتجاج کرتے ہوئے مانگ کی کہ معاملہ میں ملوث اصل مجرم کو گرفتار کیا جائے ۔مظاہرین نے کہاکہ پولیس کی جانب سے حالیہ دنوں میں گرفتار کیا گیا نوجوان بے قصور ہے جبکہ اس کو مذکورہ عمل میں لگانے والا کو ئی اور شخص ہے ۔اس دوران لواحقین نے پہلے پولیس اسٹیشن کے گیٹ پر انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی کی جبکہ اس کے بعد انہوں نے مینڈھر مین چوک میں احتجاج کرتے ہوئے گاڑیوں کی آمد ورفت بند کی ۔اس دوران پولیس آفیسران نے موقعہ پر پہنچ کر مظاہرین کے کچھ افراد کو پولیس اسٹیشن میں لیا تاکہ مذکورہ معاملہ پر بات چیت کی جاسکے جس کے بعد مظاہرین نے اپنا احتجاج ختم کر دیا ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سرحدی ضلع پونچھ میں منشیات کی جانب بڑھتے ہوئے رحجان کر دیکھتے ہوئے پولیس نے اپنی کارروائی تیز کر دی ہے اور حالیہ دنوں میں کچھ افراد کو گرفتار بھی کیا ہے ۔