سرینگر//موہالی چندی گڑھ میں چھٹی قومی وہیل چیئرباسکٹ بال چیمپین شپ میں شرکت کرنے کے بعد سرینگر پہنچنے پر والنٹیری میڈی کیئر سوائٹی نے دووہیل چیئر باسکٹ بال ٹیموں(مردوخواتین) کاشاندار خیرمقدم کیا۔مردوں کی ٹیم کے کپتان وسیم احمدڈار نے کہا کہ انہوں نے پانڈی چری،راجتھان اور دہلی کی ٹیموں کوہراکرکوارٹر فائنل میں جگہ بنالی لیکن تیکنیکی بنیادوں پر کوارٹرفائنل میں پنجاب کی ٹیم سے مات کھا گئے ۔ٹیم میں طارق احمدشاہ،ظہوراحمدگنائی،اشفاق احمدگنائی،فاروق احمدشیخ۔گوہراحمدگنائی،دانش احمدبیگ ، اعجازاحمدگنائی اورعرفان رسول لون شامل تھے۔اسی طرح قومی چیمپین شپ میں ریاست کی نمائندگی کرنے والی خواتین کی ٹیم انشاء بشیرکپتان کو مجموعی کارکردگی کی بنیاد پر سال کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔ٹیم کے دیگر ارکان میں عشرت رشید،شاہ رخسانہ،پروینہ رسول اورسمارٹی شامل تھیں ۔ٹیموں کے ہمراہ والنٹیری میڈی کیئر سوسائٹی کے رضاکاراشفاق احمد ،مشتاق احمد کے علاوہ محمدافضل تھے۔ ان ٹیموں کوآسٹریلیاکی ’آسٹریلیاکشمیرانکارپوریشن‘نے سپانسرکیاتھاجن کے نمائندے مدثر نے ٹیموں کو22جون کو ہری جھنڈی دکھاکرروانہ کیا۔والنٹیری میڈی کیئرسوسائٹی کے صدر ڈاکٹر میرمحمدمقبول ۔ڈاکٹر ایف اے کلو،پروفیسرمسعودی یاسین،وغیرہ بھی اس موقعہ پر موجودتھے۔ٹیموں کے کوچ شاہدرضا کی بھی عزت افزائی کی گئی۔