سر ی نگر// گورنر کے مشیرکے۔ وجے کمار اور خورشید احمد گنائی نے یہاں گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول بجبہاڑہ اننت ناگ میں صوبائی سطح کے انٹر ڈسٹرکٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔اس موقعہ پر بین الاقوامی کرکٹر پرویز رسول مہمان ذی وقار تھے۔انڈر14 ، انڈر17 اور انڈر19 طُلباء اس ایک ہفتہ طویل ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔ٹورنامنٹ کا اہتمام ڈسٹرکٹ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس محکمہ اننت ناگ نے کیا ہے۔ وادی کشمیر کے تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والی کرکٹ ٹیمیں اس ٹورنامنٹ میں شرکت کر رہی ہیں۔افتتاحی میچ مٹن اور بانڈی پورہ ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ اسی طرح کے میچ سپورٹس سٹیڈیم اننت ناگ نانل میں بھی کھیلے جارہے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ خالد جہانگیر، ڈائریکٹر جنرل امور نوجوان و کھیل کود ڈاکٹر سلیم الرحمان، ناظم تعلیم کشمیر محمد یونس ملک، جوائنٹ ڈائریکٹر سکولی تعلیم ساؤتھ، ایس ایس پی اننت ناگ، ایس ڈی ایم بجبہاڑہ، ضلع یوتھ سروسز سپورٹس افسر اور دیگر افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔مشیروں نے کھلاڑیوں سے بات چیت کی اور انہیں کھیل سنجیدگی اور دیانتداری کے ساتھ کھیلنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ تدریسی عمل کے ساتھ ساتھ غیر تدریسی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے اپنی ذہنی و جسمانی قوت میں نکھار لائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع انتظامیہ کھیل کود کے بنیادی ڈھانچے اور دیگر سازو سامان فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے۔ خورشید گنائی نے کہا کہ ضلع اننت ناگ میں کھیل کود کے شعبۂ میں نوجوانوں میں بہت ساری صلاحیتیں موجود ہیں۔پرویز رسول نے اس موقعہ پر ضلع میں کھیل کود کے بنیادی ڈھانچے کو وسعت دینے پر زور دیا۔