سرینگر/جموں کشمیر نیشنل کانفرنس کے سرپرست اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبد اللہ نے جمعرات کو کہا کہ کشمیر ایک سیاسی نوعیت کا مسئلہ ہے جس کو اس طرح حل کیا جانا ضروری ہے تاکہ اس مسئلے کاہر فریق راضی ہو۔
اپنی والدہ،بیگم اکبر جہاں کی19ویں برسی کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب کے حاشیوں پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے فاروق نے کہا''ہر سیاسی مسئلے کا ایک سیاسی حل چاہئے، کشمیر بھی ایک سیاسی مسئلہ ہے جس کا حل ناگزیر ہے''۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر مسئلے کا ایک ایسا حل ضروری ہے جس سے اس کا ہر فریق بشمول بھارت اور پاکستان راضی ہوں۔
فاروق نے مزید کہا''اُس سیاسی حل کو ریاست کے تینوں خطوں یعنی جموں، لداخ اور کشمیر کی حمایت حاصل ہونی چاہئے''۔
فاروق نے پارٹی کے سینئر ممبران کے ہمراہ اپنی مرحوم والدہ کی قبر پر جاکر دعا کی۔