منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کے نیلی علا قہ سے حیات پورہ 8کلو میٹر سڑک کی تعمیر کا کام 2014میں شروع کیا گیا تھا لیکن 5برس گزرنے کے باوجود بھی ابھی تک سڑک کی تعمیر مکمل نہیں ہو سکی ۔مقامی لوگوں نے محکمہ پی ایم جی ایس وائی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کی کٹائی کے بعد اس طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے جہاں لوگوں کو دوران آمدورفت مسائل کا سامنا کرناپڑرہا ہے وہیں مقامی لوگوں کی زمینیں بھی تباہ ہو تی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ مقامی لوگوں کی مانگ پر انتظامیہ کی جانب سے سڑک کی تعمیر کا کام شروع کیا تھا لیکن متعلقہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے سڑک کی تعمیر کو ابھی تک مکمل نہیں کیا جاسکا جبکہ اب بارشوں کا پانی بھی فصلوں کو تباہ کر رہاہے ۔محمد نوید نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ پانچ برس قبل محکمہ کی طرف سے سڑک کی کٹائی عمل میں لائی گئی تھی لیکن اس کے بعد نہ تو سڑک کو مکمل کیا گیا اور نہ ہی نالیوں کا بندو بست کیا گیا جس کی وجہ سے سڑ ک کے ملحقہ علاقہ جات میں زمینوں کو شدید نقصان پہنچ رہاہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ نیلی تا حیات پورہ سڑک کو جلداز جلد مکمل کیا جائے تاکہ مقامی لوگوں کو مسائل کا سامنا نہ کرناپڑے ۔