منجاکوٹ //تحصیل منجاکوٹ کے ککوڑہ علاقہ سے راجدھانی جانے والی سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے مقامی لوگوں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ عدم توجہی کی وجہ سے اب سڑک پر بڑے بڑے کھڈے پڑ چکے ہیں جس کی وجہ سے گاڑیوں کا چلنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ8 برس قبل مذکورہ سڑک پر بلیک ٹاپنگ کی گئی تھی لیکن کچھ ہی مدت کے بعد وہ اکھڑ گئی تھی اور اس کے بعد سڑک کی بہتری کی طرف متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔مقامی لوگوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں کئی مرتبہ ضلع انتظامیہ سے اپیل کی گئی ہے لیکن ابھی تک سڑک کو بہتر بنانے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے عام لوگوں کیساتھ ساتھ تعلیمی اداروں میں جانے والے بچوں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اگر ضلع انتظامیہ مذکورہ سڑک کو بہتر نہیں بناتی تو وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائینگے ۔مقامی لوگوں نے ریاستی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ دیہی علا قوں کی عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے ضلع انتظامیہ کو ہدایت جاری کی جائیں ۔