سرینگر/بھارت نے اس بات سے صاف انکار کیا ہے کہ وزیراعظم مودی نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی درخواست کی ہے۔
منگل کو راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے اس مطالبے پرکہ وزیر اعظم کو ٹرمپ کے بیان کی وضاحت کرنی چاہئے، وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے ٹرمپ سے ایسی کوئی درخواست ہی نہیں کی ہے۔
انہوں نے کہا''بھارت کی پالیسی ہے کہ پاکستان کے ساتھ سبھی باہمی مسائل کو آپس میں ہی حل کیا جائے''۔
اس سے قبل کانگریس کی سربراہی میں حزب ا ختلاف کے ممبران نے حکومت سے صدر ٹرمپ کے بیان سے متعلق وضاحت طلب کی۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے اُنہیں مسئلہ کشمیر پر ثالثی کیلئے کہا تھا۔