سرینگر/پولیس نے منگل کو دعویٰ کیا کہ اُنہوں نے چھانہ پورہ میں ایس پی او پر فائرنگ کرنے اور جموں و سرینگر میں کئی گرینیڈ حملوں میں براہ راست ملوث حزب سے وابستہ تین جنگجوئوں کی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔
پولیس نے گرفتار شدگان کی شناخت آصف اقبال ڈار، شاہد حسین ڈار ساکنان صورہ اور رشید لطیف میر ساکنہ برزلہ کے بطور کرتے ہوئے کہا کہ تینوں حزب المجاہدین سے وابستہ ہیں اور وہ سیکورٹی فورسز پر حملوں کے سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کو انتہائی مطلوب تھے۔
پولیس کے مطابق تینوں کی گرفتاری جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے اور انسانی ذرائع کا استعمال کرنے کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔
پولیس نے کہا کہ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ حزب سے وابستہ کمانڈر جنید صحرائی اس گروپ کا حصہ تھاجس نے کئی جنگجویانہ کارروائیوں کو انجام دیا ہے۔
پولیس کے مطابق مذکورہ گروپ نے 27مارچ 2019کے روز چھانہ پورہ سرینگر میں ایس پی او رومان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوا۔ علاوہ ازیں جموں اور سرینگر میں کئی گرنیڈ حملوں میں بھی اس گروپ کا ہاتھ رہا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار شدگان کے قبضے سے گولہ بارود اور زندہ کارتوس برآمد کرکے ضبط کئے گئے ہیں۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔