سرینگر //جموں کشمیر فٹبال ایسوسی ایشن کے اہتمام سے کھیلے جارہے سالانہ لیگ فٹبال ٹورنامنٹ کے سلسلے میں بدھوارکو ٹی آر سی گراونڈ میں دو میچ کھیلے گئے جبکہ پولو گراونڈ میں تین میچ منعقد کئے گئے۔ٹی آر سی گراونڈ کے مصنوعی ٹرف پر دو میچ کھیلے گئے جن میں پہلا میچ سولنہ سپورٹس فٹبال کلب اور صیفلو سپورٹس فٹبال کلب کے درمیان کھیلا گیا جس میں سولنہ سپورٹس فٹبال کلب نے صفر کے مقابلے میں دو گول سے جیت درج کرلی۔دوسرا میچ جموں کشمیر پولیس الیون اور اقبال سپورٹس فٹبال کلب کے درمیان کھیلا گیا جس میں میچ کے پہلے حصے میں جموں کشمیر پولیس کے کھلاڑی دیراج تھاپا نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گول کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلا دی۔میچ کے دوسرے نصف حصے میں اقبال سپورٹس کلب نے بھرپور کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جموں کشمیر پولیس پر میچ میں سبقت حاصل کرنے کے لئے حملے شروع کردیئے لیکن کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہے۔دوسرے نصف کے 65 ویں منٹ میں جموں کشمیر پولیس نے ایک ڈرامائی حرکت کی اور فیصل رشید کے ذریعے دوسرا گول کرنے میں کامیابی حاصل کی۔میچ کے آخری مرحلے میں جموں کشمیر پولیس نے تیسرا گول کرکے میچ میں صفر کے مقابلے میں تین گول سے جیت درج کرلی۔پولو گراونڈ میں کھیلے گئے تین میچوں میں پہلا میچ شنگلی پورہ فٹبال کلب اور این ایف سی فٹبال کلب کے درمیان تھا جس میں شنگلی پورہ کو واک اور کا پوائنٹ مل گیا۔دوسرا میچ بلوسم فٹبال کلب صورہ اور بسمہ اللہ فٹبال کلب نورباغ کے درمیان کھیلا گیا جس میں دونوں ٹیموں نے دو دو گول کرکے میچ برابری پر ختم کیا۔تیسرا میچ رائل سپورٹس فٹبال کلب اور لون سٹار انڈر 15 کے درمیان کھیلا گیا جس میں دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل پیش کرکے دو دو گول کرکے میچ برابری پر ختم کیا۔