سرینگر/پولیس کی طرف سے جمعرات کو جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہندوارہ پولیس نے ناکہ چیکنگ کے دوران منشیات فروش کی گرفتاری عمل میں لا کر اس کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی اشیابرآمد کرکے ضبط کی۔ علاوہ ازیں منشیات فروش کے گھر پرچھاپہ مار کارروائی کے دوران مکینوں نے پولیس کام میں رخنہ ڈال کر نہ صرف پتھراو کیا بلکہ لاٹھیوں کا بھی استعمال کیا۔ پولیس نے موقع پر ہی چار حملہ آوروں کو حراست میں لے لیا ہے۔
بیان کے مطابق ہندوارہ پولیس نے ٹی آر سی کراسنگ کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران بغیر نمبر کی ایک سینٹرو کار کو روک کر اسکی تلاشی لی جس دوران گاڑی سے پالتھین لفافے میں چھپائی گئی ہیروئن برآمد کرکے ضبط کی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ پولیس ٹیم نے موقع پر ہی گاڑی میں سوار منشیات فروش ،پرنس پرویز ہانجی ولد پرویز احمد ساکنہ مرت گام کو حراست میں لیا تاہم گاڑی میں موجود اور ایک شخص، جس کی شناخت ساحل شفیع بانڈے ولد شفیع بانڈے ساکنہ مرت گام کے بطور ہوئی، چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہواجس کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے۔
اس ضمن میں ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ پولیس بیان کے مطابق گرفتار منشیات فروش کی نشاندہی پر جب اس کے مکان پر چھپائی گئی ممنوعہ نشیلی اشیاء برآمد کرنے کی کارروائی شروع کی گئی تو اسی دوران اہلِ خانہ نے پولیس پارٹی پر نہ صرف سنگباری کی بلکہ لاٹھیوں سے بھی ا ن پر حملہ کیا اور اس طرح سے پولیس کے کام میں روڑے اٹکانے کی بھر پور سعی کی گئی۔