سرینگر/جنوبی کشمیر کے شوپیان قصبہ میں سنیچر کو فورسز اور جنگجوئوں کے مابین ایک مختصر معرکہ آرائی کے دوران دو جنگجو جاں بحق ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ معرکہ آرائی آج صبح اُس وقت شروع ہوگئی جب قصبہ کے بُنہ بازار علاقے میں جنگجوئوں اور فورسز کا آمنا سامنا ہوگیا۔
ذرائع نے کہا کہ فورسز نے یہاں جنگجوئوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع کے بعد گذشتہ شام سے محاصرہ کر رکھا تھا ۔ آج صبح جب تلاشی آپریشن بحال کیا گیا تو علاقے میں چھپے جنگجوئوں اور فورسز کا آمنا ہوگیا جس دوران طرفین نے ایک دوسرے پر گولیاں چلائیں۔ اس گولی باری کے دوران دو جنگجو جاں بحق ہوگئے جن کی شناخت ابھی نہیں ہوئی تھی۔
علاقے میں فورسز کاتلاشی آپریشن آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھا۔