سرینگر/سرینگر۔جموں قومی شاہراہ کو سنیچر کے روز اُس وقت ٹریفک کیلئے بند کرنا پڑا جب اس پر شدید بارش کے نتیجے میں پسیاں گر آئیں۔
حکام کے مطابق مذکورہ شاہراہ پر ضلع رامبن میں کئی مقامات پر بھاری پسیاں گر آئی ہیں جس کے نتیجے میں گاڑیوں کی نقل و حمل ممکن نہیں تھی۔
حکام نے مزید کہا کہ پنتھیال ،آئرن سٹینڈ،ڈگڈول ،بیٹری، انوکھی فال، اور فور لین ٹنل نمبر ٹو علاقوں میں پہاڑوں سے پتھر اور کیچڑکھسکنے سے بھی شاہراہ پر جگہ جگہ رکاوٹیں پیدا ہوئی ہیں۔
انہوں نے تاہم وضاحت کی کہ جموں سے آج صبح روانہ ہونے والی یاتریوں کی کانوائے نے مذکورہ علاقہ پار کرلیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تاہم جو یاتری جموں کی طرف جارہے تھے وہ مگرکوٹ اور ڈگڈول کے درمیان درماندہ ہوگئے ہیں۔
حکام نے کہا کہ شاہراہ کو ٹریفک کے قابل بنانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔