نئی دہلی//سرکاری مواصلاتی کمپنی بی ایس این ایل کو2019 کے آخر تک39ہزار کروڑ روپے سے زیادہ نقصان ہوا ہے۔مرکزی وزیر مملکت برائے ٹیلی کیمونی کیشن سنجے دورتے نے پارلیمنٹ میں تحریری جواب میں کہا کہ سابق مالی سال کے دوران بی ایس این ایل کو 14 ہزار 904کروڑ روپے کا نقصان ہوا تھا،جو دسمبر2019تک39ہزار 89کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔ مرکزی حکومت نے گزشتہ برس بی ایس این ایل میں نئی روح پھونکنے کیلئے گزشتہ سال اکتوبر میں نقصان سے جوجھ رہی مواصلاتی کمپنیوں بی ایس این ایل اور ایم ٹی این ایل کیلئے68ہزار751کروڑ روپے کے پیکیج کا اعلان کیا تھا۔ اس پیکیج میں4جی سپیکٹرم کیلئے20ہزار140کروڑ روپے مختص رکھا گیا تھا جبکہ رضاکارانہ طور نوکریوں سے سبکدوش ہونے والے ملازمین کے مد میں29ہزار927کروڑ روپے اور جی ایس ٹی کی مد میں3 ہزار647کروڑ روپے رکھے گئے تھے۔