بارہمولہ // شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع جہامہ سے کانسپورہ تک کا سڑک رابطہ کھنڈرات میں تبدیل ہوچکا ہے جس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹروں اور مسافروں کو اس پر سفر کرتے وقت سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔مقامی لوگوں میں محکمہ آر اینڈ بی کے خلاف زبردست غم و غصہ پایا جارہا ہے ۔ مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا ہے کہ اس رابطہ سڑک کو مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے جس کے باعث اس کا حال اتناخستہ ہو چکاہے کہ معمولی بارشوں کے بعد ہی یہ نالے کا منظر پیش کرنے لگتی ہے۔ بشیر احمد نامی شہری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ہے کہ یہ رابطہ سڑک بائی پاس کا کام بھی دیتا ہے اور رفیع آباد کے متعدد گائوں کیلئے یہ سڑک اہمیت کی حامل ہے تاہم اس کی حالت انتہائی ناگفتہ بہہ ہے۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ اگر چہ انہوں نے کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ کو اس معاملے کو لیکر مطلع کیا لیکن اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے ۔ انہوں نے ایل جی انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ سڑک کی فوری مرمت کی جائے ۔