گاندربل//سٹیٹ جوڈیشل اکیڈمی ہائی کورٹ جموں وکشمیر کے اہتمام سے منی سیکریٹریٹ گاندربل میں ضلع انتظامیہ کے اشتراک سے 14اور15مارچ کو رجسٹراروں،سب رجسٹراروں اورمتعلقہ عملے کے لئے منعقد ہونے والا تربیتی پروگرام سنیچر کو شروع ہوا۔پروگرام کے انعقاد کا مقصد نئے تعینات ہوئے رجسٹراروں اور سب رجسٹراروں کو رجسٹریشن ایکٹ1908کے تحت طریقہ کار کے بارے میں جانکاری فراہم کرنا ہے۔سرکار نے ڈپٹی کمشنروں،اے ڈی سیز،اسسٹنٹ کمشنروں،سب ڈویژنل مجسٹریٹوں کو رجسٹراروں اورسب رجسٹراروں کے تحت ریونیو افسران کے طور پر تعینات کیا۔سٹیٹ جوڈیشل اکیڈمی کو انہیں تربیت فراہم کرنے کی ضرورت محسوس ہوئی تاکہ انہیں ایکٹ کے بارے میں لازمی جانکاری حاصل ہوسکے اور وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھاسکیں۔ڈائریکٹر جوڈیشل اکیڈمی کی طرف سے پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج گاندربل محمد یوسف وانی نے تعارفی خطبہ پیش کیا۔جبکہ ترقیاتی کمشنر گاندربل نے افتتاحی خطبہ دیا۔