سرینگر//کورونا وائرس سے پیدا صورتحال اور جاری طبی ایمرجنسی کے نتیجے میں ضلع مجسٹریٹ سرینگر، ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے سرینگر میں شب برات کے سلسلے میں سبھی اجتماعات اور لوگوں کی نقل و حمل پر مکمل پابندی عاید کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
یہ حکم دفعہ144سی آر پی سی کے تحت جاری کیا گیا ہے اور اس میں کہا گیا ہے کہ یہ آرڈر متعلقہ حکام کی سفارش پر جاری کیا گیا ہے۔
حکمنامے میں بتایا گیا ہے کہ یہ پابندیاں8اور9اپریل کی درمیانی شب کو نافذ رہیں گی اور ان کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف دفعہ188آئی پی سی اور دفعہ51 ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ضلع مجسٹریٹ کے مطابق مذہبی اجتماعات پر پابندی کورو نا وائرس کوپھیلنے سے روکنے کیلئے عائد کی جارہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ضلع سرینگر کے ساتھ ساتھ وادی کے دیگر اضلاع میں بھی لوگوں کی نقل و حمل پر پابندیوں کا سلسلہ پہلے ہی سے جاری ہے۔