جموں// پشو و بھیڑ پالن اور ماہی پروری کے پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری نے مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی اور اِن محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ زراعت ملک کی معیشت کی ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور کسانوں کے مسائل حل کرنا حکومت کی ترجیحا ت میں شامل ہیں۔نوین چودھری نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ آپسی اشتراک کے ساتھ کام کرتے ہوئے کسانوں کی آمدنی دوگنا کرنے کے لئے ضروری اقدامات کریں۔پرنسپل سیکرٹری نے مستحق کسانوں کی فہرست اَپ لوڈ کرنے کی ہدایت دی جنہیں مختلف محکموں کی مرکزی معاونت سکیموں سے استفادہ کیا گیا۔میٹنگ کے دوران کسانوں کو درکار کھاد ، جراثیم کش ادویات اور بیجوں کی تقسیم کاری پر بھی سیر حاصل بحث ہوئی۔میٹنگ میں مزید بتایا گیاکہ کسانوں کو درکار جراثیم کش ادویات دونوں صوبوں میں وافر مقدار میں موجود ہے۔نوین کمار چودھری نے شیپ ہسبنڈری کے سربراہان کو ہدایت دی کہ وہ پولٹری دکانوں سے متعلق مناسب ایڈوائزری یقینی بنائیں اور اِن مقامات پر سماجی دوریاں بھی قائم رکھیں۔ڈائریکٹر ایگریکلچرجموں اندر جیت اور ڈائریکٹر ایگریکلچر کشمیر الطاف اندرابی ، ڈائریکٹر کمانڈ ائیریا جموں سمیتا سیٹھی ، ڈائریکٹر کمانڈ ائیر یا کشمیر تصدق حسین ، ایم ڈی جے کے ایگرو انڈسٹریز اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن بھوانی رکوال، ڈائریکٹر ہارٹیکلچر جموں رام سیوک ، ڈائریکٹر ہارٹیکلچر کشمیر اعجاز احمد ، ڈائریکٹر اینمل اینڈ شیپ ہسبنڈری جموں وویک شرما ، ڈائریکٹر اینمل اینڈ شیپ ہسبنڈری کشمیر پورنیما متل و دیگر اعلیٰ افسران میٹنگ میں موجود تھے۔صوبہ کشمیر کے اَفسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔