اونتی پورہ //کورونا وائرس کے پھیلائو اور کشمیر میں وینٹی لیٹروں کی کمی کے بیچ اسلامک یونیورسٹی اونتی پورہ کے ڈیزائن انویشن سینٹر ( ڈی آئی سی) نے ایک کم قیمت والا وینٹی لیٹر بنایا ہے جو اسوقت یونیورسٹی کی لیبارٹری میں کام کررہا ہے۔’یونیورسٹی لیبارٹری میںابتدائی آزمائش کے بعد ’روحدار‘‘ نامی وینٹی لیٹر کو شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں طبی ماہرین کے حوالے کردیا جائے گا جو اسکی جانچ کریںگے ۔ وینٹی لیٹر بنانے کیلئے سامان جموںو کشمیر اور بھارت میں آسانی سے دستیاب ہے۔ ڈی آئی سی اسلامک یونیورسٹی کے کارڈنیٹر ڈاکٹرشاہکار نحوی کی قیادت میں ٹیم میں ڈاکٹر ماجد حمید کول، پیرزادہ شعیب این آئی ٹی،عاصف شاہ اور ذوالقرنین آئی یو ایس ٹی اورڈیزائن فیلو آئی یو ایس ٹی، ڈاکٹر ساد پرویز این آئی ٹی سرینگر، ہاویڈ یونیورسٹی کے شبیر حسن اور رحیم گرینز کے عبدالرحیم نے وینٹی لیٹر بنانے میں اپنا رول ادا کیا۔ آئی یو ایس ٹیمیں بنا وینٹی لیٹر بازار میں دستیاب وینٹی لیٹر سے کافی سستا ہے۔ وائس چانسلر اسلامک یونیورسٹی پروفیسر مشتاق احمد صدیقی نے پوری ٹیم کواس کامیابی پر مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ میں خوش ہوں کیونکہ ہماری ٹیم نے کافی کم مدت میں یہ کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا ’’ یہ ڈائزن ہم نے خود بنایا ہے اور اسکا سامان مقامی سطح پر دستیاب ہے‘‘۔ انہوں نے کہا’’ یونیورسٹی وینٹی لیٹر کا حق تحفظ حاصل کرکے وینٹی لیٹر کو بڑے پیمانے پر بنانے کا کام ایک دو چھوٹے صنعت کاروں کے حوالہ کردے گی‘‘۔ پروفیسر صدیقی نے بتایا کہ وینٹی لیٹر اچھا اور ٹھیک ہے لیکن یہ طبی ماہرین پر ہے کہ وہ اس کا استعمال کریں گے یا اس میں کسی قسم کی تبدیلی کی سفارش کریں گے۔