نیویارک //امریکہ کے محکمہ محنت نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے مزید 44 لاکھ شہریوں نے بے روزگاری انشورنس کے لیے درخواستیں دی ہیں۔ اس طرح کرونا وائرس بحران کے دوران بے روزگار ہوجانے والوں کی تعداد دو کروڑ 65 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔صدر ٹرمپ نے پانچ پفتے پہلے ملک میں ہنگامی حالت کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد سے ہر ہفتے دسیوں لاکھ افراد ملازمتوں سے محروم ہو رہے ہیں۔امریکہ میں 2008 کے معاشی بحران کے بعد 10 سال میں روزگار کے دو کروڑ 28 لاکھ مواقع پیدا ہوئے تھے۔ لیکن اب چند ہفتوں میں بے روزگار ہوجانے والوں کی تعداد ان سے زیادہ ہوگئی ہے اور برسوں کی معاشی ترقی صفر ہو گئی ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بے روزگار ہونے والوں کی اصل تعداد کہیں زیادہ ہے کیونکہ محکمہ محنت کے اعداد و شمار میں وہ لاکھوں لوگ شامل نہیں جو مختلف وجوہ سے بے روزگاری الاؤنس کے اہل نہیں ہیں۔