نئی دہلی/ ہندوستانی آف اسپنر ہربھجن سنگھ کا خیال ہے کہ سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی ہندستان کے لئے کافی کھیل چکے ہیں اور اب وہ ہندستان کے لئے پھر کبھی نہیں کھیل پائیں گے ۔ہربھجن ہندستانی ٹیم میں دھونی کی کپتانی میں کھیل چکے ہیں اور آئی پی ایل ٹیم چنئی سپر کنگ میں دھونی کی کپتانی میں کھیلتے ہیں ۔ ہربھجن اس سیزن میں چنئی کے لئے دھونی کی کپتانی میں کھیلتے لیکن آئی پی ایل کے 13 ویں سیزن کو کورونا وائرس کے خطرے کے سبب غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا گیا ہے ۔آف اسپنر نے انسٹاگرام چیٹ پر ہندستانی محدود اوورز کی ٹیم کے نائب کپتان روہت شرما کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ دھونی ہندستان کے لئے کافی کھیل چکے ہیں اور اب وہ ہندستان کے لئے دوبارہ نہیں کھیل پائیں گے ۔2019 کا ورلڈ کپ وہ وقت تھا جب دھونی اپنے بین الاقوامی کیریئر کو ختم کر سکتے تھے اور آئی پی ایل میں کھیلنا جاری رکھ سکتے تھے ۔آئندہ سات جولائی کو 39 سال کے ہونے جا رہے دھونی گزشتہ سال ہوئے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد کرکٹ کے میدان سے باہر ہیں اور ان کی واپسی یا ریٹائرمنٹ کے بارے میں قیاس مسلسل جاری ہیں۔ہندستانی کوچ روی شاستری نے کہا تھا کہ دھونی کو آئی پی ایل میں اپنی فارم ثابت کرنی ہوگی تبھی جاکر وہ اس سال اکتوبر-نومبر میں ہونے والے ٹی -20 ورلڈ کپ کی دعویداری میں شمولیت پائیں گے ۔یو این آئی