جموں//لفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر خان نے ایک میٹنگ کے دوران ضلع اننت ناگ میں کووڈ 19 کا مقابلہ کرنے کیلئے کئے جا رہے اقدامات اور اشیائے ضروریہ کی سٹاک و سپلائی پوزیشن کا جائیزہ لیا ۔یہ میٹنگ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد کی گئی ۔ مشیر نے ضلع میںزراعت ، باغبانی اور دیہی ترقیات محکموں کی سرگرمیوں کی بحالی کا بھی جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں ڈی سی اننت ناگ ، ایس ایس پی اننت ناگ اور دیگر محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔ مشیر موصوف نے ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ کو ہدایت دی کہ وہ لاک ڈاؤن اور ریڈ زون علاقوں کیلئے اضافی خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں جو اس بات کو یقینی بنائیں کہ ضلع میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی تو نہیں ہو رہی ہے اور سماجی دوری کے تقاضوں کو برقرار رکھا جا رہا ہے ۔ انہوں نے مقدس مہینے کے دوران ضلع بھر بالخصوص ریڈ زون علاقوں میں ادویات اور غذائی اجناس کی دستیابی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا ۔ بصیر خان نے ڈی سی کو ہدایت دی کہ وہ جواہر ٹنل اور قاضی گنڈ میں سکریننگ اور سیمپلنگ کے عمل کو یقینی بنائیں کیونکہ حکومت نے پہلے ہی یو ٹی سے باہر درماندہ طلاب اور مزدوروں کو واپس لانے کا سلسلہ شروع کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ پر ٹرک ڈرائیوروں اور کلینروں کی رینڈم سکریننگ کیلئے بھی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جانی چاہئیں ۔ مشیر موصوف نے مختلف محکموں کے مابین بہتر تال میل کی ضرورت کو اجاگر کیا اور کہا کہ وائیرس کا مقابلہ کرنے کیلئے کسی بھی سطح پر لاپرواہی نہیں برتی جانی جاہئے۔
صارفین کو بنیادی سہولیات پہنچانا اولین ترجیح
ضلع انتظامیہ اننت ناگ لوگوں کی راحت رسانی میں پیش پیش
اننت ناگ//کورونا وائرس کے تناظر میں جموں کشمیر کے دیگرا ضلاع کی طرح ضلع انتظامیہ اننت ناگ بھی عام لوگوں کی راحت رسانی کیلئے کئی اقدامات کر رہی ہے اور انتظامیہ کی طرف سے لوگوں کو لگاتار ادویات ، راشن ، ایل پی جی ، پانی ، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات بہم کرائی جارہی ہیں ۔ ضلع ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی اننت ناگ کی ایک میٹنگ حال ہی میں ضلع ترقیاتی کمشنر بشیر احمد ڈار کی صدارت میں منعقد ہوئی ، کے دوران 19.65 لاکھ روپے منظور کئے گئے تا کہ قرنطین مراکز کیلئے لازمی سازو سامان خریدا جا سکے ۔ منیجمنٹ اتھارٹی نے ضلع کے مختلف طبی اداروں کیلئے ماسک ، پی پی ای ، سینی ٹائیزر اور دیگر آلات خریدنے کے حوالے سے بھی کئی اہم فیصلے لئے گئے ۔ اس دوران ضلع کی دس میونسپلٹیوں کے حق میں 9.40 لاکھ روپے بھی واگذار کئے گئے تا کہ وہ سینی ٹائیزیشن اور دیگر صفائی ستھرائی سرگرمیوں کو عملا سکیں ۔ ضلع میں لوگوں تک غذائی اجناس پہنچانے کے تعلق سے بھی بار آور اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کئی طبقوں کو کووڈ 19 کے تناظر میں مفت راشن مہیاء کرائی جا رہی ہے ۔ ضلع میں کورونا وائیرس کے مریضوں ، مشتبہ معاملات اور کورونا مخالف سرگرمیوں کے عملے کیلئے سہولیات کو بھی دوام بخشا جا رہا ہے علاوہ ازیں کورنٹین سہولیات میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ فرنٹ لائین ورکروں اور صحت محکمہ کے اہلکاروں کو پی پی ای کٹس اور دیگر آلات سے لیس کیا جا رہا ہے تا کہ انہیں تحفظ مہیاء ہو سکے ۔ ضلع انتظامیہ نے سماج کے پچھڑے طبقوں بالخصوص بزرگ شہریوں ، بیواؤں اور جسمانی طور ناخیز افراد تک مختلف سکیموں کے تحت مالی معاونت پہنچانے میں بھی ایک اہم رول ادا کیا ۔ بزرگ شہریوں کے بنک کھاتوں میں بلا کسی تاخیر کے ڈی بی ٹی کے ذریعے سے ایک ہزار روپے کا ماہانہ پینشن تفویض کیا گیا ۔ اسی طرح سماجی بہبود کی دیگر سکیموں کے مستحقین بھی بلا کسی رکاوٹ کے اپنی ماہانہ مالی امداد حاصل کر رہے ہیں ۔ ضلع میں زراعت اور باغبانی شعبوں کی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کیلئے بھی کئی موثر اقدامات کئے گئے ۔ محکمہ آبپاشی نے ضلع میں کووڈ 19 کے رہنما خطوط کر برقرار رکھتے ہوئے مختلف آبپاشی کنالوں سے ملبہ نکالنے کا کام بھی شروع کیا ۔ تا کہ کسانوں کو رواں موسم کے دوران آبپاشی کی بہتر سہولیات دستیاب ہونے کے ساتھ ساتھ لاک ڈاؤن کے دوران عام لوگوں کیلئے ایامِ کار بھی دستیاب کی جا سکیں ۔ ایگزیکٹو انجینئر آبپاشی ڈویژنل اننت ناگ طارق احمد ڈار نے کہا ہے کہ ضلع میں مئی مہینے کے پہلے ہفتے تک لگ بھگ ایک سو کلو میٹر لمبی کنالوں میں سے ملبہ نکالنے کا کام مکمل کیا جائے گا ۔ ضلع مجسٹریٹ اننت ناگ بشیر احمد ڈار نے ضلع اننت ناگ میں باہر کے مزدوروں کیلئے مفت راشن کی تقسیم کاری مہم کا بھی آغاز کیا ۔ واضح رہے کہ ضلع میں اس وقت 2300 مزدور قیام پذیر ہیں جن کا تعلق مختلف ریاستوں سے ہے اور وہ جہاں موسمِ گرما کے دوران روزگار کمانے کی خاطر آئے ہیں ۔ضلع انتظامیہ رجسٹرڈ صارفین کو وضح کئے گئے پروٹوکول اور سماجی دوری کے تقاضوں کے عین مطابق اُن کی دہلیز پر ہی راشن مہیاء کر رہی ہے ۔ پالٹیکنک کالج اننت ناگ ، اکلاویہ رہایشی ماڈل سکول سالیہ کو ویلنیس سنٹر کے طور پر ترقی دی گئی ہے جبکہ کورنٹین مراکز پہلے ہی پہلگام ، کوکر ناگ م بیج بہاڑہ اور اننت ناگ میں خوش اسلوبی سے کام کر رہے ہیں ۔ ضلع کے ریڈ زون اور وفر زون علاقوں میں لوگوں تک ہر طرح کی بنیادی سہولیات پہنچانے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جا رہا ہے علاوہ ازیں ان علاقوں سے باہر کسی بھی شخص کو نہ تو آنے کی اجازت ہے اور نہ وہاں جانے کی ۔