سرینگر//پولیس نے پیر کے روز اس بات کی وضاحت کی کہ ضلع کولگام کے گدر نامی گاﺅں میں جنگجوﺅں اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہوئی جھڑپ کے مقام سے صرف ایک جنگجو کی لاش بر آمد ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ پولیس نے گذشتہ رات دیر گئے دعویٰ کیا تھا کہ مذکورہ مسلح تصادم کے دوران چار جنگجو جاں بحق ہوگئے ہیں۔
پولیس کی طرف سے ایک ٹویٹ میں آج بتایا گیا کہ ضلع کولگام میں انکاﺅنٹر کے مقام سے ابھی تک محض ایک جنگجو کی لاش بر آمد ہوئی ہے۔علاقے میں فورسز کی تلاشی کارروائی جاری تھی۔
جاں بحق جنگجو کی شناخت کے بارے پولیس نے کچھ نہیں کہا ہے۔
پولیس نے گذشتہ شام بتایا تھا کہ کولگام دمحال ہانجی پورہ، روڑ پر واقع اچھ تھل اور پران ہل کے نزدیک نالہ ویشو کے کنارے قائم گدر نامی گاﺅں میں جنگجوﺅں کی موجودگی کی اطلاع کے بعد علاقے کو محاصرے میں لیا گیا اور تلاشی کارروائی شروع کی گئی۔جس کے بعد وہاں جھڑپ شروع ہوئی جس میں پہلے 2جنگجو اور بعد میں مزید 2جنگجو جاں بحق ہوئے۔