بنگلور// ہندستانی مرد ہاکی ٹیم کے دفاعی کھلاڑی ورون کمار نے کہا ہے کہ وہ ہندستانی ٹیم میں واپسی کو لے کر فکر مند ہیں اور اگلے سال ہونے والے ٹوکیو اولمپک کے لئے ہندستانی ٹیم میں جگہ بنانا چاہتے ہیں۔ورون نے کہا کہ چوٹ پر قابو پانے کے بعد میں نے جنوری میں کیمپ میں حصہ لیا۔ میں ایک بار پھر ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ کے دوران ہندستان کی جرسی پہننے کے لئے بے قرار تھا اور آسٹریلیا کے خلاف 22 رکنی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا تھا۔ لیکن کورونا کی وجہ سے کھیل سرگرمیاں ٹھپ ہوگئیں۔ ورون اولمپکس کوالیفائر سے ٹھیک پہلے زخمی ہو گئے تھے اور اس میں حصہ نہیں لے سکے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اولمپکس کوالیفائر سے پہلے بھونیشور میں قومی کیمپ میں حصہ لیا تھا اور ہم روس کے خلاف میچ کے لئے تیاری کر رہے تھے ۔ سب کچھ درست چل رہا تھا لیکن میچ کے 10 دن پہلے مجھے دائیں ہاتھ میں کچھ دقت ہوئی اور میں نے ٹیم کے فیزیو ڈیوڈ میک ڈونالڈ سے اس بارے میں بات کی۔ انہوں نے مجھے کچھ دن انتظار کرنے کو کہا لیکن بدقسمتی سے مجھے ٹیم سے باہر ہونا پڑا۔ سال 2016 میں جونیئر ورلڈ کپ جیتنے والی ہندستانی ٹیم کے رکن ورون نے کہا کہ یہ واقعی میرے لئے مشکل وقت تھا کیونکہ پورے سال ہم نے اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کے بارے میں سوچا تھا اور جب یہ وقت آیا تو میں زخمی ہونے کی وجہ سے اس میں حصہ نہیں لے سکا۔ لیکن مجھے فخر ہے کہ ٹیم میں کئی بہترین کھلاڑی ہیں اور اس سے ٹیم کی کارکردگی پر کوئی فرق نہیں پڑا۔