نیویارک //امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین پر نومبر میں ہونے والے صدارتی الیکشن میں ہروانے کے لیے کورونا وائرس کو امریکا میں پھیلانے کا الزام عائد کردیا۔ٹرمپ نے ایک بار پھر چین پر سازش کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ نومبر میں صدارتی الیکشن ہونے جا رہے ہیں اور چین نہیں چاہتا کہ میں اس بار بھی کامیاب ہوجائوں اس لیے چین نے کورونا وائرس کو بے قابو ہونے دیا۔ادھر چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں صدر ٹرمپ کے دعوے کو جھوٹا اور مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین امریکی الیکشن میں مداخلت کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتا اور نہ ہی یہ ہمارا استحقاق ہے۔ امریکا میں کورونا وائرس وبا کی تباہی بدانتظامی کی وجہ سے ہے، امریکی صدر کو اس پر توجہ دینا چاہئے۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کورونا وائرس وبا کی ابتدا سے ہی چین کو ذمہ دار قرار دیتے آئے ہیں اور ہمیشہ اس وائرس کو چائنا وائرس کہہ کر پکارا ہے۔