سر ینگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما نے سینٹر آف ایکسلنس زاورہ سرینگر کا تفصیلی دورہ کیا اور اس کے کام کاج کے ساتھ ساتھ وہاں باغبانی شعبے کو فروغ دینے کے لئے کئے جارہے اقدامات کا جائزہ لیا۔ڈائریکٹر باغبانی کشمیر اعجاز احمد بٹ اور محکمہ کے کئی دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔مشیر نے سینٹر کا دورہ کر کے وہاں مختلف اقسام کے میوئوں کے ایچ ٹی باغانی کا معائینہ کیا۔ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر نے مشیر کو جانکاری دی کہ یہ مرکز 9.24کرو ڑ روپے کی لاگت سے قائم کیا گیا ہے اوریہاں اعلیٰ معیار کے پودے تیار کرنے کے ساتھ ساتھ باغبانی کے دیگر جدید تقاضوں کی تحقیق کی جاتی ہے ۔ علاوہ ازیں عملے کو تربیت بھی دی جاتی ہے تاکہ کسانوں کی راحت رسانی ہوسکے۔مشیر موصوف کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں اعلیٰ معیار بوٹے تیار کرنے میں جدید ٹیکنالوجی کے رول کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی۔مشیر موصوف نے 4.98 کروڑروپے کی لاگت سے قائم کی گئی اخروٹ نرسری کا بھی معائینہ کیا جہاں کسانوں کے لئے اعلیٰ معیار کے 20ہزار اخروٹ پودے تیار کئے جارہے ہیں۔ اُنہوںنے نرسری میں قائم کئے گئے 20ہائی ٹیک ہولی ہاوسز کا بھی معائینہ کیا۔افسران کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران کے کے شرما نے کہا کہ باغبانی اور اس سے منسلک سرگرمیوںکو جموںوکشمیر کے اقتصادی منظر نامے میں ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس شعبے کو معیار کی بلندیوں تک پہنچانے کے لئے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں جن کی بدولت یوٹی کی اقتصادیات میں مثبت تبدیلی آنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے لئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع بھی پیدا ہوں گے۔