سرینگر//وادی کشمیر میں سنیچر کو مسلسل چوتھے روز حزب المجاہدین کے آپریشنل کمانڈر ریاض نائیکو کی ہلاکت کے پیش نظر پابندیوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم جن علاقوں میں حالات پر امن رہے وہاں پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے۔
ریاض نائیکو گذشتہ بدھ کو آبائی گاﺅں بیگ پورہ،اونتی پورہ میں فورسز کے ساتھ تصادم کے دوران جاں بحق ہوا تھا۔
سرکاری حکام کے مطابق وادی بھر میں امن و قانون کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے فورسز اہلکاروں کی تعیناتی جاری ہے۔
چونکہ وادی بھر میں کورونا وائرس پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے لاک ڈاﺅن کا سلسلہ جاری ہے تاہم گذشتہ بدھ سے یہاں حکام نے سخت پابندیوں کا اطلاق عمل میں لایا ہے۔
وادی میں اگر چہ موبائیل فون سروس تین روز بعد بحال کی گئی ہے تاہم موبائیل انٹر نیٹ سروس لگاتار معطل ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وادی بھر میں صورتحال کم و بیش پُر امن رہی تاہم ضلع پلوامہ کے بعض مقامات اور ضلع بڈگام میں ایک جگہ پر مظاہرین اور فورسز میں جھڑپیں ہوئیں۔