سرینگر//پلوامہ اور شوپیان اضلاع کو چھوڑ کر وادی کشمیر میں منگل کے روز2جی انٹر نیٹ سروس چھ روز بحال کی گئی۔
وادی بھر میں موبائیل انٹر نیٹ اور فون سروس6مئی سے معطل تھی جب حزب المجاہدین کے کمانڈر ریاض نائیکو جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ علاقے میں فورسز کے ساتھ ایک تصادم آرائی کے دوران جاں بحق ہوگیا تھا۔
بعد ازاں شوپیان اور پلوامہ اضلاع کو چھوڑ کر فون سروس بحال کی گئی تاہم انٹر نیٹ سروس لگاتار معطل تھی، جس کو گذشتہ شب بحال کیا گیا۔
محدودانٹر نیٹ سروس کی بحالی عدالت عظمیٰ کے اُس فیصلے کے چند گھنٹے بعد عمل میں آگئی جس میں مذکورہ کورٹ نے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کی تشکیل کی ہدایت دی اور جس کو کہا گیا کہ وہ وادی کشمیر میں4جی انٹر نیٹ سروس کی بحالی سے متعلق معاملے پر غور کرے۔
جموں کشمیر میں فور جی انٹر نیٹ سروس گذشتہ سال ماہ اگست کے اوائل سے معطل پڑی ہے جب مرکزی سرکار نے دفعہ 370کی تنسیخ عمل میں لاکرجموں کشمیر کو مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں میں تقسیم کیا۔