نئی دہلی // مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کورونا خود انحصاری پیکیج کے دوسرے مرحلے کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ مہاجر مزدوروں، چھاپڑی فروشوں اور چھوٹے کسانوں کو مالی مدد فراہم کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ 3کروڑ چھوٹے درجے کے کسانوں نے پہلے ہی 4لاکھ کروڑ کا رعایتی قرضہ حاصل کر لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مزدوروں کو روزگار دینے کیلئے منریگا کے تحت 13مئی تک 14.62کروڑ ایام کار مرض و جود میں لائے گئے ہیں جن پر 10ہزار کروڑ رقوم خرچ کئے گئے ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ کم تنخواہ پانے والوں کیلئے یکساں حقوق،ریاستی سطح پرتنخواہوں میں تفاوت کو قومی سطح پر ایک ہی تنخواہ مقرر کرکے پورا کیا جائے گا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ مائیگرنٹ ورکروں کو 2ماہ تک مفت راشن فراہم کیا جائے گااور اس میں 8کروڑ راشن کارڈ والے افراد کو فی کس 5کلوگرام راشن ایک کلو گرام دال دیا جائے گا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ مہاجر ورکروں کیلئے راشن کارڈ کی منتقلی کو تمام ریاستوں میں آسان بنایا جائے گا۔مہاجر مزدور پورے ملک میں کسی بھی جگہ اپنا راشن کارڈ استعمال کرسکتے ہیں۔جس سے 67کروڑ مزدوروں کو فائدہ ملے گا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ مہاجرورکروں کیلئے سستے کرایہ پر رہائش کیلئے ہائوسنگ سکیم متعارف کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 50لاکھ چھاپڑی فروش، جو لاک ڈائون سے متاثر ہوئے ہیں، کو 5000کروڑ کی رقم دی جائیگی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ 6سے 18لاکھ روپے سالانہ کی آمدن رکھنے والے درمیانہ درجے کے کنبوں کیلئے ہاوسنگ سکیم کو مارچ 2021تک بڑھایا گیا ہے۔انکا کہنا تھا کہ نبارڈ کو ہنگای بنیادوں پر 30ہزار کروڑ روپے چھوٹے اور درمیانہ درجے کے کسانوں کی امداد کیلئے دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ 13مئی تک 2.33کروڑ مزدوروں کو کام دیا گیا ہے۔