سرینگر//ڈوڈہ ضلع میں اتوار کو جاری ایک مسلح تصادم آرائی کے دوران ایک جنگجو اور ایک فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
انسپکٹر جنرل پولیس، جموں زون مکیش سنگھ کے مطابق چھپے جنگجوﺅں میں سے ایک جنگجو جاں بحق ہوگیا ہے اور فورسز کا آپریشن جاری ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ تصادم اُس وقت شروع ہوگیا جب فورسز نے ڈوڈہ سے26کلو میٹر دور گندنہ علاقے میںپوستا پوترا نامی گاﺅں کے اندر تلاشی آپریشن ہاتھ میں لیا۔
مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ طرفین کے مابین ابتدائی گولی باری کے دوران ایک فوجی اہلکار گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جسے اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی گئی تاہم اُس نے راستہ میں ہی دم توڑ دیا ۔
ذرائع نے کہا کہ علاقے میں جنگجوﺅں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد فوج، سی آر پی ایف اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کا آغاز سنیچر کی شام کو ہی کیا تھا۔
اس دوران فورسز کا تلاشی آپریشن جاری تھا کہ آج صبح چھپے جنگجوﺅں نے فورسز کو گولیوں کا نشانہ بنایا جس کے بعد باضابطہ تصادم شروع ہوگیا جو آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھا۔