سرینگر//شہر سرینگر کے پائین علاقے میں منگل کی صبح جنگجوﺅں اور فورسز کے مابین مسلح تصادم شروع ہوگیا جس کے فوراً بعد شہر اور اس کے مضافات میں حکام نے موبائیل انٹر نیٹ سروس اور بی ایس این ایل کو چھوڑ کر موبائیل فون سروس بھی معطل کردی۔
ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ تصادم آرائی کے دوران فورسز کے دو اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔
یہ تصادم شہر کے گنجان علاقہ نوا کدل میں اُس وقت شروع ہوگیا جب فورسز نے جنگجوﺅں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع کے بعد یہاں محاصرہ کرکے تلاشی آپریشن کا آغاز کیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق اس دوران طرفین میں گولیوں کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں سی آر پی ایف کا ایک اور پولیس کا ایک اہلکار زخمی ہوگئے۔
ذرائع نے مزید کہا کہ ابتدائی فائرنگ کے بعد علاقے میں کافی دیر تک مکمل خاموشی چھائی رہی تاہم دوپہر کے وقت علاقے سے فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
حکام نے موبائیل مواصلاتی سروس کی معطلی کے ساتھ ساتھ شہر میں سخت پابندیاں بھی عاید کی ہیں جو حکام کے مطابق ”احتیاطی اقدامات“ ہیں۔