واشنگٹن//امریکہ کی آدھی سے زیادہ آبادی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نسل پرست قرار دے دیا۔ اس بات کا انکشاف حالیہ سروے میں ہواہے جہاں 52 فیصد امریکیوں نے کہا کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نسل پرست سمجھتے ہیں۔ سروے میں شامل 37 فیصد امریکیوں کے خیال میں ٹرمپ نسل پرست نہیں ہیں۔ صدر ٹرمپ کو حریف سیاسی جماعت ڈیموکریٹ کے سینیٹرز بھی نسل پرست قرار دے چکے ہیں۔ سروے کے مطابق صدر ٹرمپ کو نسل پرست سمجھنے والوں میں ڈیمو کریٹس، سیاہ فام اور لاطینی امریکیوں کی تعداد زیادہ ہے جبکہ ری پبلکنز میں سے بھی تیرہ فیصد نے صدر ٹرمپ کو نسل پرست قرار دیا۔ سفید فام امریکیوں کی اس بارے میں منقسم رائے سامنے آئی ہے ۔ دریں اثناء امریکی شہریوں کی اکثریت سیاہ فام شہری کی ہلاکت کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کی حامی ہے اور صدر ٹرمپ کے جوابی سخت اقدامات کی طرفدار نہیں۔ یہ بات ایک سروے میں سامنے آئی ہے ۔ امریکہ میں مظاہرے ریاست منی سوٹا میں سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کو سفید فام پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں ہلاک کیے جانے کے خلاف جاری ہیں۔سروے کے مطابق چونسٹھ فیصد بالغ امریکی مظاہرین کے طرفدار ہیں۔ ستائس فیصد مخالف ہیں جبکہ نو فیصد کی اس بارے میں کوئی رائے نہیں۔