نئی دہلی/ ویسٹ انڈیز کے سابق فاسٹ بولر مائیکل ہولڈنگ کا کہنا ہے کہ انہیں شمرون ہٹمائیر، ڈیرن براوو اور کیمو پول کے کورونا وائرس کے خطرہ کے سبب انگلینڈ کا سفر نہ کرنے کے فیصلے سے مایوسی ہوئی ہے ۔انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مابین 8 جولائی سے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا اعلان کیا گیا ہے ۔ اس کے لئے کرکٹ ویسٹ انڈیز نے ٹیم کا اعلان کیا تھا لیکن اس میں ہٹمائیر، براوو اور پال کے نام شامل نہیں تھے ۔ کرکٹ ویسٹ انڈیز نے پہلے ہی کہا تھا کہ وہ کسی بھی کھلاڑی پرٹور پر جانے کے لئے دباؤ نہیں ڈالیں گے ۔66 سالہ ہولڈنگ نے کہا کہ دورہ انگلینڈ کی تصدیق سے قبل ہی کرکٹ ویسٹ انڈیز نے سب کو بتایا تھا کہ وہ کسی بھی کھلاڑی کو دورے پر جانے پر مجبور نہیں کریں گے ۔ اگر کوئی کھلاڑی سیکیورٹی کی وجہ سے ٹور پر نہیں جانا چاہتا ہے تو اسے ٹیم میں شامل نہیں کیا جائے گا اور ان تینوں کھلاڑیوں نے نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ان تینوں کی شرکت نہ کرنا افسوسناک ہے لیکن میں کسی کو وہاں جانے کے لئے نہیں کہہ سکتا کیونکہ کورونا کا خطرہ ہر طرف پھیل گیا ہے ۔ شاید کوئی وہاں جاکر بیمار پڑ جائے ۔ تاہم مجھے لگتا ہے کہ ونڈیز ٹیم کے لئے ان تینوں کھلاڑیوں کا دورے پر نہ جانا افسوسناک ہے کیونکہ یہ تینوں کھلاڑی بہت باصلاحیت ہیں اور ٹیم میں ان کی کمی شدت سے محسوس کی جائے گی ۔ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم 9 جون کو انگلینڈ پہنچے گی اور آئندہ ماہ جولائی میں میزبان ٹیم کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم 3 ٹیسٹ میچ کے لیے 9 جون کو انگلینڈ پہنچے گی اور اولڈ ٹریفورڈ میں ویسٹ انڈین کھلاڑی قرنطینہ کا وقت پورا کرنے کے بعد ٹریننگ کا آغاز کریں گے ۔سیریز کا پہلا ٹیسٹ 8 سے 12 جولائی تک ہمپشائر کے روز باؤل اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے بغیر کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ 16 سے 20 اور آخری ٹیسٹ 24 سے 28 جولائی تک اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا جائیگا۔انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی)کے ڈائریکٹر آف ایونٹ اسٹیو ایل وردی کا کہنا ہے کہ تمام تر احتیاطی تدابیر کی ساتھ سیریز کا انعقاد ہمارا مقصد ہے لیکن میچوں کے انعقاد سے قبل حکومت کی اجازت درکار ہوگی۔واضح رہے کہ پاکستان کو بھی اگست ستمبر میں انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے اور وہاں ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنی ہے ۔اس سلسلے میں ویسٹ انڈیز کا دورہ انگلینڈ انتائی اہم ہے اور اس سے کورونا کی موجودگی میں سیریز کے انعقاد کی تیاریوں کا اندازہ ہوجائے گا۔یو این آئی