سرینگر// جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں پیر کو سیکورٹی فورسز کی تلاشی کارروائی کے دوران پنجورہ نامی گاﺅں میں جنگجوﺅں اور فورسز کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں4جنگجو جاں بحق ہوگئے۔
یہ ضلع میں24گھنٹوں کے دوران دوسرا معرکہ آرائی ہے جن میں کل ملاکر9جنگجو جاں بحق ہوگئے۔ گذشتہ روز ربن نامی گاﺅں میں فورسز نے5 مقامی جنگجوﺅں کو جاں بحق کیا تھا۔
حکام نے پنجورہ میں معرکہ آرائی اور چار جنگجوﺅں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کا تعلق حزب المجاہدین سے تھا اور یہ چاروں مقامی تھے۔
فوج نے بھی ایک مختصر بیان جاری کرتے ہوئے پنجورہ معرکہ آرائی میں4جنگجوﺅں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔
حکام تاہم مارے گئے جنگجوﺅں کی شناخت کے بارے میں خاموش ہیں ۔
اس سے قبل آج صبح پنجورہ علاقے میںجنگجوﺅں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج ، سی آر پی ایف اور پولیس نے محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی شروع کی جس کے دوران جنگجوﺅں اور فورسز کا آمنا سامنا ہوا اور مختصر گولیوں کے تبادلے میں جنگجو مارے گئے۔