سرینگر//جنوبی ضلع اننت ناگ میں تعینات ایک سی آر پی ایف اہلکار اور خانیار سرینگر کا ایک35سالہ شہری کورونا انفکشن کی وجہ سے پیر کو جاں بحق ہوگئے ،اس طرح مہلک وائرس سے جموں کشمیر میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر43ہوگئی ہے۔
سی آر پی ایف اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ سکمز پروفیسر فاروق جان نے خبر رساں ایجنسی جی این ایس کو بتایا کہ اُتر پردیش کے رہنے والا 40سالہ اہلکار گذشتہ رات دیر گئے زندگی کی جنگ ہار گیا۔ اس سے قبل اہلکار کا نمونہ5جون کو لیا گیا تھا جس کی رپورٹ آج مثبت آگئی ۔ ذرائع کے مطابق ہلاک شدہ اہلکار سی آر پی ایف کی90ویں بٹالین سے وابستہ تھا اور آج کل اُرنہال اننت ناگ میں تعینات تھا۔
اس دوران خانیار سرینگر کا ایک شہری بھی کورونا سے جاں بحق ہوگیا۔ مذکورہ شہری صدر اسپتال سے، جہاں اُس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، سی ڈی اسپتال منتقل کرنے کے چند گھنٹوں بعد ہی جاں بحق ہوگیا۔ سی ڈی اسپتال کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر سلیم ٹاک کے مطابق مذکورہ شہری کا ٹیسٹ صدر اسپتال میں مثبت آیا تھا جس کے بعد اُسے سی ڈی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔