سرینگر//جموں کشمیر میں منگل کے دن کورونا وائرس کی وجہ سے مزید دو ہلاکتوں سے دن میں ہلاکتوں کی تعداد4جبکہ مجموعی ہلاکتوں کی تعداد50تک بڑھ گئی۔
میڈیکل سپر انٹنڈنٹ سکمز پروفیسر فاروق جان نے خبر رساں ایجنسی جی این ایس کو بتایا کہ کولگام ضلع کے دمحال ہانجی پورہ کا31سالہ شہری آج شام انتقال کرگیا۔وہ کئی امراض میں مبتلاءتھا اور اسی دوران اُس کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا۔
اس دوران ایک70سالہ شہری بھی سی ڈی اسپتال میں دم توڑ بیٹھا جو ایک ہفتہ قبل کورونا مثبت آیا تھا۔تاہم مذکورہ شہری، جو کینسر میں مبتلاءتھا،کا آخری ٹیسٹ منفی آیا تھا۔سی ڈی اسپتال کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر سلیم ٹاک نے مذکورہ شہری کے انتقال کی تصدیق کی۔
اس سے قبل جنوبی کشمیر کے قاضی گنڈ کا شہری، جو کورونا انفکشن میں مبتلاءتھا، منگل کے روز جاں بحق ہوگیا۔
آج ہی شمالی کشمیر کے سوپور کا ایک 52سالہ شہری بھی کورونا کی وجہ سے جاں بحق ہوگیا-
پیشے سے ڈرائیور سوپور علاقے کے چکرودیکھن سے تعلق رکھنے والا شہری جے وی سی اسپتال سری نگر میں فوت ہوگیا۔
یاد رہے کہ پیر کو کشمیر میں کوروناانفیکشن کی وجہ سے پانچ اموات ہوئیں جن میں اتر پردیش کا رہنے والا ایک سی آر پی ایف اہلکار بھی شامل تھا۔