سری نگر// جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کے سگھو ہندہامہ نامی گاﺅں میں بدھ کی صبح ہونے والے خونریز تصادم میں مزید2جنگجو جاں بحق ہوگئے اس طرح اس جھڑپ میں مارے گئے جنگجوﺅں کی مجموعی تعداد5ہوگئی ۔
پولیس نے ایک ٹویٹ میں پانچ جنگجوﺅں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ آپریشن ابھی جاری ہے۔
یہ ضلع شوپیان میں گذشتہ چار دنوں کے دوران تیسری جنگجو مخالف کارروائی تھی جس میں پانچ جنگجو جاں بحق ہوگئے۔ قبل ازیں 7 اور 8 جون کو بالترتیب ربن اور پنجورہ نامی علاقوں میں 9 جنگجو مارے گئے تھے۔ اس طرح سے ضلع شوپیان میں گذشتہ چار دنوں کے دوران مارے گئے جنگجوﺅں کی تعداد14 ہوگئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق شوپیان کے سگھو ہندہامہ میں بدھ کی علی الصبح چھڑنے والا مسلح تصادم پانچ جنگجوﺅں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہلوک جنگجوﺅں کی شناخت معلوم کی جارہی ہے نیز مسلح تصادم کی جگہ سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
اس سے قبل پولیس اورسری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے ترجمان نے تین جنگجوﺅں کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی تاہم بعد میں تلاشی کے دوران چھپے جنگجوﺅں نے ایک بار پھر گولیاں چلائیں جس کے بعد طرفین میں ہونے والی گولی باری میں مزید دو جنگجو جاں بحق ہوگئے ۔
فورسز نے سگھو ہندہامہ میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات قریب پونے دو بجے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا تھا۔ذرائع نے کہا کہ بدھ کی علی الصبح قریب ساڑھے پانچ بجے طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا جس میں پہلے تین اور بعد میں مزید دو جنگجو جاں بحق ہوگئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس آپریشن میں شوپیان پولیس، فوج کی 44 راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے حصہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کی پارٹی سیب کے وسیع باغات میں مشتبہ جگہ کے نزدیک پہنچی تو وہاں موجود جنگجوﺅں نے اس پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان مسلح تصادم چھڑ گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے فائرنگ کے تبادلے میں پانچ جنگجو مارے گئے جن کی شناخت معلوم کی جارہی ہے۔
دریں اثنا ضلع شوپیان میں موبائل انٹرنیٹ خدمات معطل کی گئی ہیں۔