سرینگر//پولیس نے جمعہ کو کہا کہ پانپور کے میج نامی گاﺅں میں جو تصادم سیکورٹی فورسز اور جنگجوﺅں کے مابین گذشتہ روز سے جاری تھا اُس میں مزید دو جنگجوﺅں کو جاں بحق کیا گیا ہے۔ مذکورہ دونوں جنگجوﺅں نے ایک مقامی مسجد میں پناہ لے رکھی تھی۔
آئی جی پی کشمیر وجے کمار نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ محصور جنگجوﺅں کیخلاف مسجد کا تقدس برقرار رکھتے ہوئے کوئی بارودی مواد استعمال نہیں کیا گیا اور اُن کیخلاف صرف آنسو گیس استعمال کی گئی۔
مذکورہ دو جنگجوﺅںکے جاں بحق ہونے سے میج تصادم میں مارے گئے جنگجوﺅں کی تعداد تین ہوگئی ہے۔یہاں کل ایک جنگجو تصادم کے ابتدائی وقت میں جاں بحق ہوا تھا۔
مارے گئے جنگجوﺅں کے بارے میں تاہم پولیس نے کچھ نہیں کہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ یہ جھڑپ پانپور کے میج نامی گاﺅں میں جمعرات کی صبح شروع ہوئی تھی ۔ پولیس ،فوج اور سی آر پی ایف نے مشترکہ طور میج گاﺅں کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا تھا جس کے دوران اُن کا جنگجوﺅں کے ساتھ آمنا سامنا ہوا اور جھڑپ جھڑ گئی۔