سرینگر//کشمیر وادی میں سنیچر کو کورونا وائرس میں مبتلاءتین خواتین کی موت واقع ہونے سے جموں کشمیر میں مہلک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد79تک بڑھ گئی ہے۔
سی ڈی اسپتال سرینگر کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر سلیم ٹاک نے خبر رساں ایجنسی جی این ایس کو بتایا کہ آج جاں بحق ہونے والی دو خواتین کا تعلق سرینگر اور پلوامہ اضلاع سے تھا جن کی عمر بالترتیب40سال اور55سال تھی۔
انہوں نے کہا کہ سرینگر کی خاتون جو عارضہ قلب اور زیابطیس میں مبتلاءتھی اسپتال میں چھ روز تک داخل رہنے کے بعد انتقال کرگئی۔اُسے پہلے صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں اُس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد اُسے سی ڈی اسپتال منتقل کیا گیا۔
پلوامہ کی جاں بحق خاتون کے بارے میں ڈاکٹر سلیم کا کہنا تھا کہ اُسے بھی ابتدائی طور صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں سے اُسے بعد میں سی ڈی اسپتال منتقل کیا گیا اور وہ سر میں ٹیمور ہونے کی وجہ سے علیل تھی۔
ادھر صدر اسپتال سرینگر کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر نذیر چودھری نے جی این ایس کو بتایا کہ کولگام ضلع سے تعلق رکھنے والی ایک79سالہ خاتون اسپتال میں چل بسی جو کئی امراض میں مبتلاءتھی اور جس کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا۔کھڈونی کولگام کی مذکورہ خاتون کو دو روز قبل ہی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
مذکورہ تینوں خواتین کے انتقال سے کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد79تک جاپہنچی ہے۔ان میں سب سے زیادہ19ہلاکتیں سرینگر میں ہوئی ہیں ۔