سرینگر//پولیس نے بدھ کو بتایا کہ شمالی کشمیر کے سوپور میں لشکر طیبہ سے وابستہ جنگجوﺅں کے چار معاونین کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق اُنہوں نے فوج اورسی آر پی ایف کے ساتھ مل کر سوپور کے مقام پوتکھاہ اور چھانہ پورہ آتھورہ علاقوں میں آپریشن کے دوران جنگجوﺅں کے چار معاونوں کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے گرفتار شدگان کی شناخت عرفان احمد میر،عرفان احمد خان،قیصر رحمان ساکنان پوتکھاہ اور سہیل احمد گنائی ساکن چھانہ پورہ آتھورہ کے طور کی ۔
پولیس نے مزید کہا کہ گرفتار شدگان نے تفتیش کے دوران اعتراف کیا ہے کہ وہ پولیس پوسٹ پوتکھاہ پر گرینیڈ حملے میں ملوث تھے اور ایسا انہوں نے لشکر سے وابستہ جنگجو فیاض احمد وار عرف عمر اور ایک غیر مقامی جنگجو عثمان کے کہنے پر کیا تھا۔
پولیس کے مطابق چاروں جنگجوﺅں کو پناہ دینے اور اُن کی حمایت کرنے میں ملوث رہے ہیں اور وہ علاقے میں لشکر طیبہ کے جنگجوﺅں کیلئے سرگرم تھے۔پولیس کے مطابق چاروں سرگرم جنگجوﺅں کے ساتھ بھی رابطے میں تھے۔