سرینگر//جنوبی کشمیر میں اننت ناگ ضلع کے بجبہاڑہ علاقے میں جمعہ کو جنگجوﺅں اور فورسز اہلکاروں کے مابین اچانک گولیوں کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں راہ چلتا ایک بچہ جاں بحق ہوگیا۔گولیوں کے تبادلے میں ایک سی آر پی ایف اہلکارکی بھی موت واقع ہوگئی۔
اطلاعات میں بتایا جارہا ہے کہ 90ویں بٹالین سے وابستہ سی آر پی ایف اہلکار قصبہ کے پادشاہی باغ علاقے میں تعینات تھے جس کے دوران اُن پر جنگجوﺅں کی طرف سے گولیاں چلائیں گئیں اور جواب میں فورسز اہلکاروں نے بھی گولیاں چلائیں۔
طرفین میں چلنے والی گولیوں کے نتیجے میں ایک بچہ اور ایک سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں نزدیکی سب ضلع اسپتال پہنچایا گیا جہاں دونوں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھے۔
جاں بحق بچے کی شناخت ماچھو کولگام کے رہنے والے نیہان بٹ ولد محمد یاسین بٹ کے طور ہوئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی جی این ایس نے بلاک میڈیکل آفیسر بجبہاڑہ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ایک سی آر پی ایف اہلکاراور بچے کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔
اس واقعہ کے فوراً بعد فورسز کی بھاری جمعیت نے علاقے کو گھیرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔