نئی دہلی/ بے شمار دولت سے بھرپور انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل ) کا پورا 13 واں سیزن متحدہ عرب امارات (یو اے ای ) میں ہوسکتا ہے اور ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے اس کے لئے 26 ستمبر سے سات نومبر تک کی غیرسرکاری ونڈو طے کی ہے ۔ بی سی سی آئی اس سلسلے میں حتمی فیصلہ تبھی کرے گا جب بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کو ملتوی کرنے کا اعلان کرے جس کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے ۔ کرک انفو کے مطابق سمجھا جارہا ہے کہ بی سی سی آئی نے ہندوستانی حکومت کو خط لکھ کر ٹورنامنٹ کو یو اے ای میں کرانے کی اجازت مانگی ہے ۔ بورڈ نے ساتھ ہی ٹیم کے کھلاڑیوں اور حکام کے سفر کے لئے ضروری اجازت بھی مانگی ہے ۔ آئی پی ایل کو اس سال 29 مارچ سے ہونا تھا لیکن کورونا وائرس کے سبب آئی پی ایل کو غیرمعینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا گیا تھا۔