سرینگر// چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے پیر کو نیشنل ہائی وے اِنفراسٹرکچرڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ( این ایچ آئی ڈی سی ایل)کی ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں کارپوریشن کی جانب سے جموں وکشمیر میں ہاتھ میں لئے گئے مختلف سڑک پروجیکٹوں پر جاری کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ صوبہ کشمیر میں دو اہم پروجیکٹوں جن میں زیڈ مور اور زوجیلہ ٹنل شامل ہے پر کام شد و مد سے جاری ہے اور زیڈ مور ٹنل پروجیکٹ6.5کلومیٹر ٹنل ، 6کلومیٹر رابطہ سڑک ، دو بڑے او رایک چھوٹا پل پر مشتمل ہے ۔پروجیکٹ جس پر 2379کروڑ روپے کی لاگت آنے کا تخمینہ ہے اور 30جون 2021ءتک مکمل ہونے کی توقع ہے اور اس کی تکمیل سے سونہ مرگ کے لئے سال بھر سڑک رابطہ سہولیت دستیاب رہے گی۔
اس کے ساتھ ہی زوجیلہ پروجیکٹ پر بھی کام شروع کیا گیا ہے ۔ پروجیکٹ میں 14.15کلومیٹر ٹنل ، زیڈ مور اور زوجیلہ ٹنل کے درمیان 18کلومیٹر رابطہ سڑک کے علاوہ گاڑیوں کے لئے راستہ ، دو برف گیلریاں ، چار بڑے پل اور پسیوں کی حفاظت کے لئے حفاظتی باندھ شامل ہیں۔پروجیکٹ پر 4430کروڑ روپے کی لاگت آنے کا تخمینہ ہے اور جون 2026ءتک اس کے مکمل ہونے کی توقع ہے ۔اس پروجیکٹ کے تکمیل لداخ کے لئے ہمہ سال سڑک رابطہ سہولیات دستیاب رہے گی۔