سرینگر//پولیس نے وسطی ضلع گاندربل میں ایک شہری کو گرفتار کیا جس پر الزام ہے کہ اُس نے اپنی ہی بیوی کا قتل کرکے اُس کی لاش کو ایک مقامی نالہ میں ڈال دیا۔
حکام کے مطابق ربینہ زوجہ عبد المجید ساکن گونچی محلہ اکہال کنگن کی لاش کو14جولائی کے روز نالہ سندھ سے بر آمد کیا گیا تھا۔
پولیس کو تحقیقات کے دوران پتہ چلا ہے کہ خاتون کو اس کے شوہر نے ہی مار ڈالا تھا اور لاش کو چھپانے کیلئے اُس نے اُسے نالہ سندھ میں ڈالدیا اور اس جرم میں اُس کے بھائی نے اُس کی مدد کی۔
ذرائع کے مطابق مقتولہ کے شوہر کو اس کے بھائی سمیت گرفتار کیا گیا ہے اور اُن سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔
ایس ایس پی گاندربل خلیل پوسوال نے واقعہ اورملزمان کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔