نئی دہلی// ملک میں عالمی وبا کووڈ۔19 کے قہر کی وجہ سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 48916نئے معاملات سامنے آنے سے مجموعی متاثرین کی تعداد 13.36 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے اور757 افراد کی موت کے ساتھ مرنے والوں کی تعداد 31 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔
مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے ہفتہ کے روز جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر1336861 ہوگئی ہے جبکہ اموات کی مجموعی تعداد31358 ہے۔ اس دوران کورونا انفیکشن سے32223 مریضوں کی بازیاب کے بعد یہ تعداد 849432ہوگئی ہے۔ ملک میں ابھی بھی کورونا انفیکشن کے 456071فعال کیسز ہیں۔
مختلف ریاستوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹر میں کورونا کے 9615 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 278 لوگ مرچکے ہیں۔ یہاں اب متاثرین کی تعداد 357117 اور اموات کی تعداد 13132 ہے جبکہ 199967 لوگ صحتیاب ہوچکے ہیں۔